بھوپال / نئی دہلی 13 دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ودھان سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد کانگریس میں راجستھان اور مدھیہ پردیش میں وزیر اعلی کے عہدے کو لے کر غور و خوض جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جیوتی رادتیہ سندھیا پر کمل ناتھ کا پلڑا بھاری ہے۔ اس دوران مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال واقع کانگریس دفتر کے باہر پوسٹر چسپاں دیکھے جا سکتے ہیں، جن میں کمل ناتھ کو وزیر اعلی بننے پر مبارکباد دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مدھیہ پردیش کی کمان کمل ناتھ کو سونپی جا سکتی ہے، وہیں سی ایم کے عہدے کے دوسرے دعویدار جیوتی رادتیہ سندھیا کے ڈپٹی سی ایم بنائے جانے کی خبر ہے۔ اگرچہ اس کا آفیشیل طور پر ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔واضح ہو کہ بدھ کو بھوپال میں پارٹی اراکین کی وسیع میٹنگ کے بعدبھی جب یہ طے نہیں ہو پایا تھا کہ وزیر اعلی کون بنے گا، تب یہ فیصلہ اعلی کمان پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ یہیں حال راجستھان کا بھی ہے، جہاں اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ وزیراعلی کے عہدے کی دوڑ میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق اشوک گہلوت وہاں وزیراعلی کے عہدے کی دوڑ میں آگے چل رہے ہیں ۔راجستھان میں پوزیشن تھوڑی مشکل نظر آرہی ہے، کیونکہ یہاں اعلی کمان کو تجربے اور یوتھ پاورمیں سے ایک کو منتخب کرنا ہے ۔ اشوک گہلوت پہلے بھی راجستھان کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں اور انہیں کافی تجربہ ہے، وہیں سچن پائلٹ راجستھان میں نوجوانوں کے چہیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس قیادت کے بھی وہ پسندیدہ چہرے ہیں۔ سی ایم عہدے کو لے کر چل رہی رسہ کشی کے درمیان کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ہم پارٹی میں مختلف لوگوں سے تفصیلات طلب کررہے ہیں ۔ہم ممبران اسمبلی سے، کارکنوں سے ان پٹ لے رہے ہیں۔ آپ کا جلد ہی وزیر اعلی مل جائے گا۔سی ایم کے نام پر وسیع مشورہ کے لئے راہل گاندھی کے گھر میٹنگ چل رہی ہے۔ پرینکا گاندھی بھی راہل گاندھی کے گھر پہنچیں ہیں۔کانگریس پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کے مطابق اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ خیموں کے درمیان وزیر اعلی کے عہدے کو لے کر مسابقت کے درمیان راہل گاندھی ملاقات کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کی رہائش 12 تغلق لین پر چل رہی اس میٹنگ میں راجستھان کے انچارج جنرل سکریٹری اویناش پانڈے اور سینئر لیڈر کے سی وینو گوپال موجود ہیں۔